لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور فلسطین کی ٹیمیں پانچویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔سیمی فائنلز میں فلسطین نے بنگلہ دیش کو اور پاکستان نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دی۔پہلے سیمی فائنل میں فلسطین نے بنگلہ دیش کو 3- 14 رنز سے شکست دی۔ فلسطین کی جانب سے ڈیلان رینارڈ، ملک عبداللہ، ابراہیم، طارق الابدور، الیاس عطیہ، یونس حمیم نے 2، 2 جبکہ امیر عبداللہ اور طارق سبحان نے ایک ایک رن بنایا۔ بنگلہ دیش کے عمران خان، جونی حق اور ریڈون حسین نے ایک ایک رن بنایا۔دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 16-1 رنز سے شکست دی۔ پاکستان کے ارسلان جمشید، فقیر حسین، وسیم اکرم، محمد یونس نے 3، 3 رنز بنائے جبکہ محمد حسین اور اسد علی نے 2، 2 رنز بنائے جس میں وسیم اکرم کا ایک ہوم رن بھی شامل ہے۔ سری لنکن ٹیم کا واحد رن کرشنا نے سکور کیا۔اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید منظر شاہ مہمان خصوصی تھے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر و ایونٹ ہیڈ سید فخر علی شاہ نے کہا کہ ہم نے اپنے کوچز اور ٹیم مینجمنٹ و آرگنائزنگ ٹیم کی انتھک محنت سے نہ صرف عمدہ ایونٹ آرگنائز کیا ہے بلکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان دفاعی چیمپئن سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا ہے جس کیلئے قوم کو مبارکباد قبول ہو ۔فائنل آج دن ایک بجے پاکستان اور فلسطین کے درمیان ہوگا۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری ہونگے۔ آج صبح 9بجے تیسری پوزیشن کا میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائےگا ۔ کل بروز جمعرات روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت ا کے درمیان ایک نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا۔