اسلام ایک دین فطرت اورامن وسلامتی کاعلمبردار ہے۔سویڈن میں قرآن مجید فرقان حمید کے اوراق شہید کرنے کاواقعہ اسلامیت نہیں انسانیت پر بھی ڈرون حملے کے مترادف ہے۔جس طرح اسلام دوسرے ادیان کواحترام دیتا ہے اس طرح دوسرے مذاہب کو بھی مہذب انداز سے اسلام کااکرام یقینی بناناہوگا،ناموس رسالتؐ اورکلام الٰہی کے تقدس پرمٹھی بھر کفار کے ناکام حملے ناقابل برداشت ہیں۔اسلام نے سچائی پرزور اورصفائی کو نصف ایمان قراردیا ورنہ آج کے نام نہاد مہذب یورپی نہانا گناہ خیال کرتے تھے جبکہ یورپ میں جھوٹ عام تھا ۔ظہوراسلام کے بعد انسانوں کوانسانیت کامفہوم معلوم ہوا کیونکہ عہدجاہلیت میں دوردورتککمزورطبقات کے بنیادی حقوق کاتصور تک نہیں تھا۔اعلیٰ حسب نسب کے قبائل کے نزدیک ادنیٰ قبائل سے تعلق رکھنے والے انسان انتہائی حقیر اور اچھوت تھے۔عام انسان کوحیوان سے بدتر سمجھا اور اسے رونداجاتا تھا ۔خواتین بھی اپنے حقوق سے محروم تھیں،بیٹیوں کوزندہ درگورکردیاجاتا تھا۔آج انسانیت کی اقداراوراخلاقیات اسلامیت اورسراپارحمت سرورکونین حضرت محمدرسول اللہ خاتم النببین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وسلم کی تعلیمات کی مرہون منت ہیں۔اسلام نے خواتین کوان کاجائز مقام واحترام دیا اورجائیدادمیں حصہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق متعین کئے،جس سے ان کی عزت نفس اوران کے اندرخوداعتمادی بحال ہوئی۔میرے نزدیک انسان وہ ہے جس کادل انسانیت کیلئے دھڑکتا ہو،جوانسانیت سے محبت کادم بھرتا ہو۔جوانسان انسانیت سے عقیدت رکھتا ہو وہ زندہ ضمیر تصور کیاجاتا ہے اورجولوگ انسانیت سے بیزار ہیں ان کاوجوددھرتی پربوجھ سے زیادہ کچھ نہیں۔ بیمار، نادار اورمستحق بندوں کی انتھک خدمت سے انسانوں کو معبود برحق کی رضا کاراستہ ملتا ہے۔ اللہ نے اپنے بندوں کودوسروں کے ساتھ صلہ رحمی کاحکم دیا ہے کیونکہ جولوگ احسان جتا تے ہیں ان کانیک کام الٹا گناہ میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ یادرکھیں آپ کے جوبھی حالات ہوں ،کسی مرحلے پر محرومیوں کے ماروں سے ہرگز منہ نہ موڑیں، بوجوہ جولوگ ناامید ہیں ان کے ہاتھوں میں امید کادامن تھمادیں،انہیں حوصلہ دیں اوران کی رہنمائی ومسیحائی کریں۔عہدحاضر میں ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ اس ہوشربامہنگائی کے دورمیں معاشرے کے محروم طبقات کو فی سبیل اللہ بنیادوں پر علاج کی جدید سہولیات فراہم کررہا ہے،روزانہ کی بنیاد پرمستحق لوگ ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ کی مختلف اورمفید سروسز سے مستفید ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ اپنی خدمات کے بل پرمحروم طبقات کے نزدیک ٹرسٹ وردی بن کرابھرا ہے ۔ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ سے وابستہ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف اپنے صادق جذبوں کے ساتھ بیماروں کی بھرپورخدمت کرتے ہیں ۔میں سمجھتا ہوں اس نفسانفسی کے دور میںجو انسان دوسروں اوربالخصوص ناداروں اوربیماروں کی" دعا" میں رہتا ہووہ کبھی" دوا" کامحتاج نہیں ہوتا ۔
اسلام نے حقوق العباد پربہت زوردیا ہے۔آپ کانقصان ہوتا ہے توہوجائے لیکن کسی قیمت پردوسروں کاحق غصب نہ کریں ۔اگرآپ اپنی زندگی کوسہل بنانے کے خواہاں ہیں تو دوسروں کیلئے آسانیاں پیداکریں ۔جہاں آپ اپنے حقوق پرسمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں وہاں اپنا ہرفرض بھی وقت پر پوراکریں ۔کوئی ریاست اپنے شہریوں کوان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے بغیران سے فرائض کی بجاآوری کاتقاضا نہیں کرسکتی ۔ پاکستان میں طاقتور طبقات کوکمزوروں اورناداروں کے حقوق روندنے اوران کااستحصال کرنے سے روکنا ہوگا۔ ا نسانی حقوق کے علمبردار شہریوں میں ان کے بنیادی حقوق بارے شعور اجاگر کرتے اوران کے حقوق کی پامالی کیخلاف آواز اٹھاتے رہیں۔
کچھ دیر کیلئے اپنے چشم تصور کوزحمت دیجئے ، ایک دن صبح جب آپ گہری نیند سے بیدار ہوں اور اپنے آس پاس کسی دوسرے انسان کونہ دیکھیں ۔آپ کے سوا کوئی انسان زندہ نہ بچاہو۔ گویا اب آپ ساری دنیا کے مالک ومختار بن چکے ہیں۔ اس دن آپ کس قسم کے لباس زیب تن کرناپسندکریں گے۔آمدورفت کیلئے کس جدیدگاڑی کا انتخاب کریں گے۔قیام کیلئے کس قصرکومنتخب کریں گے۔اب دنیا بھر کے محلات،ہوائی جہاز، گاڑیاں، زروجواہر، سمیت خوشی کے ہرطرح کے اسباب ہونے کے باوجود آپ مسرت وشادمانی محسوس نہیں کررہے ہوں گے۔کیونکہ اب آپ کے پاس اپنی غمی خوشی بانٹنے کیلئے کوئی دوسرا نہیں رہا۔ اس موقع پرآپ کو اپنے پیاروں اورعام انسانوں کی قدر و قیمت سمجھ آئے گی۔ انسان ہمیشہ دوسرے انسانوں کے بغیر ادھورا ہے۔یقینا اس وقت آپ صمیم قلب سے اللہ ربّ العزت کی پاک اوربلندبارگاہ میں دعا کریں گے کہ اے معبود برحق یہ محلات اورجواہرات واپس لے لو اورمجھے میرے پیاروں سمیت انسانوں کو واپس کردو، ان تمام لوگوں کو واپس کردو جن کو میں دھوکہ دے کر دولت کے ڈھیر لگانے کی کوشش کررہا تھا۔میرے پیاروں اور عزیزوں کو لوٹا دو جن کی میں نے ان کی زندگیوں میں قدر نہ کی اور آسائشیں اکٹھی کرنے کی دھن میں اتنے خوبصورت رشتوں کو نظرانداز کر دیا۔ ان کے بغیر زندگی ہی بے معنی ہوگئی ہے۔ہماری بدقسمتی ہے کہ آج ہم مادہ پرستی کی دوڑ میں اس قدر دورنکل گئے ہیں کہ ہمیں اس بات کاادراک اور احساس تک نہیں رہا کہ ہم زندگی اورانسانیت جیسی انمول نعمت کو کس قدر بے پرواہی، بے فکری اور کس قدر ناشکری سے اپنے ہاتھوں سے بربادکئے جارہے ہیں۔
آج ہم نے انسانیت اورانسانوں کی بجائے مال و دولت اور مادی اشیاء کواپنی اپنی زندگی کا محور و مرکز بنالیا ہے اور ہم اپنے عقل اور شعور کو انسانیت کی تعمیر کی بجائے انسانیت کی تخریب پر استعمال کرنے پر تلے بیٹھے ہیں۔زندگی کے بارے میں ہمارے رویّے اور ہماری سوچیں دن بدن کس قدر سفاکانہ اور ظالمانہ ہوتی جارہی ہیں اس کا اندازہ ہمارے معاشرے میں تیزی سے پھیلتی ہوئی بے حسی اور انتشار سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ فطرت کے اصول اور تقاضوں سے روگردانی ہماری فطرت ثانیہ اور ہماری روزمرہ زندگی کا اسلوب بن چکی ہے۔میدان سیاست ہو، شعبہ تجارت ہو یا خونی رشتوں کی کہانی، جدھر دیکھو وہیں نفرتوں، عدواتوں، عدم برداشت اور ایک دوسرے کی ناقدری کا سورج سوانیزے پر نظر آتا ہے۔ احساس، محبت، چاہت اور خلوص سے عاری رویّے ہمیں نہ صرف خود سے، بلکہ زندگی سے بھی دوربلکہ بیزار کرتے چلے جا رہے ہیں۔آج ہمار ی تمام بھاگ دوڑ اور ترجیحات صرف سرمایہ سے شروع ہوتی اور اسی پر ختم ہو جاتی ہیں۔ ہم رشتہ داریوں اورتعلق داریوں کی بنیاد بھی کسی نا کسی مالی مفاد کی خاطر رکھتے ہیں۔ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو بدصورت اور تلخ بنانے پر ہمیں افسوس تک نہیں ہوتا۔ ہم ہر وقت دولت اور لالچ کی ہوس میں رہتے ہیں اور ان بیش قیمت لمحات سے لطف اندوز ہونے کے بجائے ان کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اپنے ہاتھوں سے فناکر بیٹھے ہیں جو قدرت نے ہمیں جینے کیلئے عطاء کئے ہوتے ہیں۔ انسانیت خصوصاً اپنوں کی قدر کیجئے، ان کے بغیر خوشی اور غمی دونوں بے معنی ہیں۔ ہمیں چاہئے زندہ، حساس اور باشعور انسانوں کی طرح زندگی بسر کریں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی اس لازوال اور بے مثال نعمت کو محبتوں، چاہتوں اور انسانیت کے نام کریں۔ زندگی کا احترام یقینی بناتے ہوئے دوسروں کی زندگیوں میںآسانیاں پیداکریں۔ہمیں اپنی زندگیوں کوباوقار اور بامقصد بنانا ہوگا۔ اپنی ذات کو دوسرے انسانوں کیلئے زحمت کی بجائے راحت کاسامان بنایا جاسکتا ہے۔ دوسروں کا احترام کریں، دوسروں کے کام آئیں۔دوسروں کی قدر کریں، دوسروں کے اختلاف رائے کوخندہ پیشانی سے برداشت کرنا سیکھیں کیونکہ زندگی بڑی مختصر ہے لہٰذاء اسے مزید خوبصورت بنانے کیلئے دوسروں کے جذبات واحساسات کی قدر کیجئے۔
ہے زندگی کامقصد اوروں کے کام آنا
Feb 01, 2023