الیکشن کمشن لیول پلیئنگ فیلڈ‘ شفاف انتخابات پر فوکس کرے: چودھری سرور

لاہور (نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جب بھی  آئی، ایک سیاسی قیدی  بھی جیل میں نہیں رہا۔ اب بھی بلاول نے وعدہ کیا ہے کہ حکومت میں آکر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کریں گے۔ الیکشن کمشن این اے 127 میں لیول پلیئنگ فیلڈ اور شفاف انتخابات پر فوکس کرے۔ لاہور کے حلقہ این اے 127 میں بلاول بھٹو کی انتخابی مہم  کے سلسلے میں مذہبی و سماجی شخصیت پاسٹر اے ڈی جون سمیت دیگر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے اور قبل ازیں پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں یو ٹیوبرز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ کرسچن کمیونٹی کی جانب سے حلقے میں بھرپور بلاول کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ بلاول سے بطور وزیر خارجہ اپنی کارکردگی کو ثابت کر کے دکھایا ہے۔ بلاول نے وعدہ کیا جو منشور لکھا اس کو حکومت میں آکر پورا کیا جائے گا۔ لاہور میں بلاول بھٹو کو کامیاب کرا کر پاکستان کی سمت درست کریں گے۔ اگر بلاول بھٹو یہاں سے کامیاب ہوتے ہیں تو یہ ہمارے لاہور کے نوجوانوں کی کامیابی ہے۔

ای پیپر دی نیشن