اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد پاس ہونے کے بعد سات دن کے اندر اندر انتخابات کروائے جائیں گے۔ انتخابات فیڈرل الیکشن کمشن کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت ڈیجیٹلی بھی کروائے جا سکتے ہیں۔ رؤف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا۔ انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے۔ 31 جنوری تک پاکستان تحریک انصاف کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔ پی ٹی آئی کے عام انتخابات کے لئے نامزد امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔ قرارداد میں کہا گیا عمران خان پی ٹی آئی کے بانی ہیں اور ہمیشہ ہمارے لیڈر رہیں گے۔