لاہور (نامہ نگار) سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان کے لئے لاہور نیا شہر نہیں، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر نے لاہور سے الیکشن لڑا، بینظیر بھٹو جلاوطنی سے واپس آئیں تو لاہور کا انتخاب کیا۔ وہ ہمدرد چوک کے قریب پی پی 162 اور 163سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں منظر عباس کھوکھر اور فیاض بھٹی کی انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسے سے شہلا رضا، چودھری سرور، چودھری اسلم گل، ذوالفقار علی بدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔رضا ربانی نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے الیکشن لاہور سے لڑا اور کامیاب ہوئیں،بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کا انتخاب کیا،امید ہے لاہور کے عوام اپنی تاریخ دوہرائیں گے۔ بلاول کو کامیاب کروائیں گے۔ سابق گورنر چودھری سرور نے کہا کہ این اے 127 پنجاب اور لاہور کے لئے اہم الیکشن ہے۔35 سال بعد بینظیر بھٹو کا بیٹا لاہور کے عوام کے اعتماد کے لیے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بلاول کو 8 فروری کو کامیاب کروانا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ رضا ربانی اصول پرست سیاستدان ہیں، ایسے لوگ ملک کے مستقبل کو درست کریں گے، بلاول ترقی اور مفاہمت کی سیاست کرے گا۔ شہلا رضا نے کہا کہ ٹائون شپ ایشیا کی بڑی ہاؤسنگ سکیم ذوالفقار علی بھٹو نے بنائی۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ نوجوان نسل سے ہال بھر چکا ہے۔ نوجوان گھر گھر جاکر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام دیں۔ ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ تاثر بن چکا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی جماعت ہے۔ بلاول نے اس تاثر کو دور کرنے کے لیے لاہور سے الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کیا۔ فیاض بھٹی نے کہا کہ کل ن لیگ کے جلسے میں لائیٹیں بجھا دی گئی تھیں۔ منظرعباس کھوکھر نے کہا کہ آج فرعونوں سے جان چھڑانے کا عوام کو موقع ملا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری دلیر نانا کے دلیر نواسے ہیں، ہر لیڈر میں جرات نہیں ہوتی، شریف فیملی سے کسی نے سندھ سے الیکشن لڑنے کی جرات نہیں کی۔ 8 فروری کا دن نیا سویرا ہو گا، این اے 127 اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتیں گے۔