لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکا م پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وہ خدمت اور تعمیر کی سیاست کے علمبردار ہیں، دوسروں پر تنقید کرنے کا وقت نہیں، ہمارے کام بولتے ہیں اور انشاء اللہ اقتدار میں آنے کے بعد ریاستی نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی توانائیاں وقف کر دیں گے۔ ہم آج بھی بحیثیت قوم اجتماعی تدبر، تدبیر اور تعمیرکے بل بوتے پر ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور دستیاب وسائل کے درست استعمال سے دیرینہ اور پیچیدہ مسائل کو قصہ پارینہ بنایا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء پی پی149میں مریم نواز اور عبدالعلیم خان کی قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ این اے117سے جمیعت اہلحدیث کی مرکزی قیادت نے شوریٰ کے اجلاس کے بعد عبدالعلیم خان اور دونوں صوبائی امیدواروں سمیع اللہ خان اور غزالی سلیم بٹ کی حمائیت کا اعلان کر دیا۔ حافظ عبید اللہ ارشد، فضل الرحمن مدنی اور مولانا ارشد نے اس فیصلے کا اعلان کیا۔ سابق صوبائی وزیر و ہاکی اولمپئین چوہدری اختر رسول سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ، ڈاکٹر شوکت ورک اور پائینر بزنس گروپ کے تاجر رہنماء عثمان ملک نے ملاقاتیں کیں اور اْن کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔