ملائیشیا کے  بادشاہ 300 کاروں، طیاروں کے فلیٹ، نجی فوج کے مالک 

Feb 01, 2024

کوالا لمپور (نوائے وقت رپورٹ) ملائیشیا کے شاہی خاندان کے 65 سالہ جوہر سلطان سکندر ملک کے نئے بادشاہ بننے جار ہے ہیں اور دنیا میں ان کی دولت کے چرچے ہو رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق  ان کے اثاثوں میں زمینیں، کانیں، ٹیلی کمیونیکیشن، پام آئل سمیت دیگر شعبوں میں ان کا حصہ شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق جوہر سلطان کا محل استانا بوکیٹ ان کے خاندان کی دولت کا مظہر ہے، جہاں جرمنی کے ایڈولف ہٹلر کی تحفہ کی ہوئی کار سمیت 300 لگژری کاریں، نجی طیاروں کے فلیٹ، گولڈن اور نیلے رنگ کا 737 بوئنگ بھی کھڑا رہتا ہے اور ان کے خاندان کی نجی فوج بھی ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ان کے خاندان کی دولت کا حجم ایک اندازے کے مطابق 5.7 ارب ڈالر ہے لیکن سلطان ابراہیم کی دولت اس سے کہیں زیادہ ہے۔ ملائیشیا کی بڑی موبائل سروس کمپنیوں میں سے ایک یو موبائل میں 24 فیصد سے زیادہ حصص ہیں۔ نجی اور سرکاری کمپنیوں میں کی گئی مجموعی سرمایہ کاری 58 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔ سلطان کی دولت میں سنگاپور میں 4 ارب ڈالر مالیت کی اراضی سمیت بوٹینک گارڈن سے متصل مہنگا علاقہ ٹائیرسال پارک بھی شامل ہے۔ حصص اور رئیل اسٹیٹ ٹرانزیکشنز سے اضافی 1.1 ارب ڈالر حاصل ہوتے ہیں۔ اپنے پیش رو کے مقابلے میں ان کی شہرت نمود و نمائش اور بے باک شخصیت کے طور پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں سنگاپور کی سیاسی قیادت اور مشہور چینی ڈیویلپرز سے تعلقات کی وجہ سے انہیں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اثر و رسوخ حاصل ہے۔

مزیدخبریں