مسلم لیگ ن شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، نوازشریف کو موقع ملا تو حالات بدل دینگے: شہباز شریف

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جن قوموں میں شکست نہ ماننے کا عزم ہو انہیں کوئی نہیں ہرا سکتا ہے۔ ملک کو معاشی، سیاسی و خارجی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے۔ نواز شریف کو اگر موقع ملا تو پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے نامساعد حالات کو بدلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بطور وزیر اعظم پاکستان، جب میں نے منصب سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، سابقہ حکومت نے محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور عوام کے وسیع تر مفاد کو پس پشت ڈالتے ہوئے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا جس کے سبب غربت و مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ میاں نواز شریف نے عوام کو میٹرو ٹرین، اورنج لائن، گرین لائن جیسا جدید پبلک ٹرانسپورٹ تحفہ دیا اور بلاشبہ میاں نواز شریف پاکستان میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے موجد ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی و معاشرتی اعتبار سے 8فروری کا الیکشن نہایت اہم ہے۔ مسلم لیگ ن مضبوط جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے صاف اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ ترقی و خوشحالی کا پہیہ تیزی سے گھمایا جا سکے۔ قائد اعظم کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں شبانہ روز کاوشیں کرنی ہے تاکہ ہماری دھرتی سونا اگلے۔ میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی 40سالہ سیاست اپنے ٹھوس موقف کے سبب ہمیشہ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ انہوں نے ملک وقوم کی خاطر ان گنت قربانیاں دیں، جلاوطنی اور عقوبت خانوں کی صعوبتیں برداشت کیں۔ میاں شہباز شریف نے  مزید کہا کہ نوجوان نسل ملکی سیاست اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہے اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے اور انہیں تعلیم و روزگار کے اعلی مواقع فراہم کرنے کیلئے جامع پروگرامز ترتیب دیئے۔ نوجوانوں کو لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور انہیں معاشی طور پر خود مختار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور 8فروری کو شیر پر مہر لگا کر ترقی و خوشحالی کے نئے سفر گامزن ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں 16ماہ پاکستان کا وزیر اعظم رہا اور میں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ٹھوس معاشی پالیسیاں ترتیب دیں اور میں اللہ کے حضور سرخرو ہوں کہ میں نے ملک کی دل و جان سے خدمت کی اور آئندہ بھی پاکستان مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی سربراہی میں ایسے ہی وطن عزیز کی خدمت کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن