بانی پی ٹی آئی کو کم سزا ملی، ملکی سلامتی داؤ پر لگائی: جاوید لطیف

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر وحلقہ این اے 115 کے امیدوار میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو قوم 28 مئی والوں کو کامیاب اور 9 مئی والوں کو نشان عبرت بنادیں گے۔ بانی چیئرمین تحریک انصاف کو سزا کم ملی ہے کیونکہ انہوںنے جو کیا وہ اپنے مفادات کے حصول کیلئے کیا ہے۔ ملکی سلامتی اور خودمختاری کو دائو پر لگا کر پوری قوم کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔ ریاست پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ نرم گوشہ نہیں بلکہ ایسا ہی سلوک ہونا چاہیے۔ 8 فروری کو مسلم لیگ (ن) انشاء اللہ کامیابی حاصل کرکے ترقی کا عمل اسی سطح سے شروع کریں گے یہاں پر 2017ء کو روکا تھا۔ پیپلزپارٹی بڑھکوں کی بجائے اپنی کارکردگی قوم کے سامنے رکھے۔ الحمدللہ! مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی قوت ہے جس کا ویژن اور مشن پاک وطن کی خودمختاری، عوامی ترقی اور خوشحالی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میاں نواز شریف قوم کے ’’لاڈلے‘‘ بن کر سیاسی افق پر چمک رہے ہیں۔ عمران خان اقتدار پرست ہیں۔ انہوں نے اقتدار کی خاطر ملکی سالمیت پر حملہ کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئی پی پی کے ضلعی صدر چودھری محمد اقبال گوپے را کی طرف سے منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر چودھری یاسر اقبال گوپے را، چودھری زاہد چدھڑ سمیت معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن