اعلیٰ تعلیم میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ،نگراں وزیراعلیٰ سندھ 

Feb 01, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ  سندھ جسٹس (ر) مقبول نے صوبے کیچ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حکومتی فنڈنگ میں اضافے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اپنے انفراسٹرکچر، فیکلٹی کے معیار اور تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھا سکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کی صبح حبیب یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ  کے پہنچنے پر انکا استقبال صدر حبیب یونیورسٹی واصف رضوی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق وسیم غازی اور فیکلٹی ممبران نے کیا اور کیمپس کے کئی شعبوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ  نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں متعدد یونیورسٹیاں قائم کی ہیں جن کو بہترین تعلیمی ادارے بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام ہی کافی نہیں لیکن اسے سیکھنے کی درسگاہ بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ جسٹس باقر نے اعلی تعلیم میں نجی شعبے کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حبیب یونیورسٹی کو صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان اس تعاون کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ وزیراعلیٰ  نے حبیب یونیورسٹی کے جدید ترین فن تعمیر، فیکلٹی اور جدید طریقہ تعلیم کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ یہ یونیورسٹی محض ایک ادارہ نہیں ہے بلکہ یہ بہترین فیکلٹی اور ایک مثالی تعلیمی ماحول کا مکمل پیکج ہے۔ وزیراعلیٰ  کو بریفنگ کے دوران یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی نے بتایا کہ پاکستان اعلی تعلیم میں نیپال، بنگلہ دیش اور گھانا کے بعد 119ویں نمبر پر ہے۔   انہوں نے مزید کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے کل اندراج میں سے صرف 12 فیصد ہی اعلی تعلیم میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں جو باعث تشویش ہے اور اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اعلی تعلیم کے آغاز پر غور کرنا چاہیے۔ دریں اثناء مقامی ہوٹل میں سندھ میں سماجی تحفظ کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبائی حکومت کے شراکت داروں پر زور دیا ہے کہ وہ سماجی تحفظ کے قیام کیلئے اپنی اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے  معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے اورتحفظ فراہم کرنے  کیلئے مل کر کام کریں۔ سیمینار کے مختلف سیشنز میں  وزیر اطلاعات احمد شاہ، سیکرٹری سوشل پروٹیکشن رفیق مصطفی شیخ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن شیریں ناریجو، وائس چیئرمین سوشل پروٹیکشن بورڈ حارث گزدر، سی ای او سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سمیع شیخ شامل ہوئے جبکہ آن لائن UN-FAO کے نمائندے مسٹر ایمینوئل مونکاڈا، ڈین IBA کراچی ڈاکٹر عاصمہ حیدر، چیئرمین BISPڈاکٹر امجد ثاقب نے شرکت کی ۔

مزیدخبریں