کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر محمد اعظم خان لوہانی نے کہا ہے کہ عوام اپنا فیصلہ دے چکی۔8فروری کو محمد نواز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔ وہ وقت دور نہیں جب محمد نواز شریف پاکستان کو دنیا میں خوشحال، خودمختار اور باوقار مقام دلا کر رہیں گیں۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو عوامی طاقت سے حقیقی جمہوریت کا سورج ملک میں بدامنی، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ملکی ترقی کا راستہ روکنے اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلنے والے اپنے عبرتناک انجام کیطرف رواں دواں ہیں۔ باشعور عوام مسخروں اور کرپٹ عناصر کے دلفریب نعروں کی اصل حقیقت جان چکی، اب وہ محمد نواز شریف کو پھر سے پاکستان کا وزیر اعظم دیکھنے کا فیصلہ کر چکی کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ ترقی و خوشحالی کا دوسرا نام نواز شریف ہے۔اعظم لوہانی نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف معاشی و اقتصادی نقصانات کا ازالہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔قوم محمد نواز شریف کو نجات دہندہ سمجھتی ہے اور ان کی رہنمائی میں ملک کو ایشین ٹائیگر بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، وہ کامیابی حاصل کر کے ملکی ترقی و خوشحالی کا ادھورا کام مکمل کرے گی۔
نواز شریف ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرینگے‘ اعظم خان لوہانی
Feb 01, 2024