مسلم لیگ ن مخالفین کو سرپرائز دے گی،اسلم خٹک ایڈووکیٹ

Feb 01, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)ضلع وسطی کے صدر و امیدوار پی ایس 129اسلم خان خٹک ایڈووکیٹ اور امیدوار این اے 250فرقان علی نے کہا کہ ضلع وسطی میں امن بحال کیا جائے، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے تشہیری بینرز اور پوسٹرز کو نہ چھیڑیں، صبر اور برداشت سے کام لیں، انتخابی مہم چلانا سب کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاکRنارتھ ناظم آباد میں میزبان شوکت کی کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کے ووٹ کی طاقت سے مخالفین کو سرپرائز دے گی، قائد میاں محمد نواز شریف کا منشور عوام کو خوشحال بنانا ہے، بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائیگا، گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کریں گے، عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گے، شہریوں کیلئے تفریحی پارک بنائیں گے، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماں سے اپیل ہے کہ وہ انتخابی مہم میں شدت پسندی کو شامل نہ کریں، دو سیاسی جماعتوں کی لڑائی میں ناظم آباد میں ایک کارکن جان کی بازی ہار گئی ہے، علاقے میں کشیدگی ختم کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری بڑھائی جائے، پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے، تمام سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور نامزد امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔اس موقع پر محمد جاوید میاں، عمر بٹ، نعمان ہاشمی، دانش چیمہ، تاج خان، شاہدہ انوار، سوشل میڈیا NA-250 ضلع وسطی کے صلاح الدین سواتی ودیگر بھی موجود تھے۔ 

مزیدخبریں