سری لنکا کیساتھ دوطرفہ تجارتی حجم کو بھرپور صلاحیت تک بڑھانا ہوگا، عارف علوی

Feb 01, 2024

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین عوامی اور ثقافتی روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم کو اس کی بھرپور صلاحیت تک بڑھانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا کیلئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنرمیجر جنرل (ر) فہیم العزیز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، دونوں  کے مابین 7 دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات ہیں۔   پاکستان اور سری لنکا کے مابین عوامی اور ثقافتی روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، سری لنکا کے ساتھ معاشی ، تعلیمی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط بنانا ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے ایک دوسرے بارے خیرسگالی کے جذبات کو مضبوط اقتصادی روابط میں بدلنا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان میں بدھ مت ورثہ کے مقامات کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے میجر جنرل (ر) فہیم العزیز کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔

مزیدخبریں