آسٹریا ئی سفیر اینڈریاوِک کی قیادت میں وفد کادورہ جامعہ کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریا کی اسلام آباد میں تعینات سفیر اینڈریاوِک کی قیادت میں وفدنے بدھ کے روزجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلرسیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات اور مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا۔ اینڈریاوِک اور اس کی قیادت میں آئے ہوئے وفدنے جامعہ کراچی اور آسٹریا کی جامعات کے مابین تعلیمی اشتراک اور مشترکہ طور پر تحقیق کے فروغ پر زوردیا اور جامعہ کراچی اور آسٹریاکے اساتذہ،طلبہ ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے سیر حاصل گفتگوکی ۔بعدازاں اینڈریاوِک نے اپنے ساتھ آنے والے وفد کے ہمراہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کی قیادت میںجامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ(کبجی) ،شعبہ فوڈسائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ایریااسٹڈی سینٹر فاریورپ کا دورہ کیااور وہاں کے اساتذہ سے مذکورہ ،شعبہ ،سینٹروانسٹی ٹیوٹ میں ہونے والی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے گفت وشنید ہوئی ۔انسٹی ٹیوٹ اور سینٹر کے اساتذہ نے وفد کو تحقیقی اور تدریسی کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر کبجی جامعہ کراچی کے اساتذہ نے وفد کو بتایا کہ وہ آسٹریاکی جامعات کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں تحقیق کے خواہشمند ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے آسٹریا کی سفیر اپنا کرداراداکرے گی۔ آسٹریا کی سفیر اینڈریاوِک نے جامعہ کراچی میں جاری تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں طالبات کی اتنی کثیر تعدادہونا ایک خوش آئندبات ہے اور مجھے امید کہ یہ خواتین پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوں گی۔پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اس خطے میں انتہائی اہمیت کا حامل اور قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے اور آسٹریااس کی ترقی کے لئے اپنا مثبت کرداراداکرنے کا خواہشمند ہے ۔پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے بے انتہامتاثر ہونے کے باجود جس طرح درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

ای پیپر دی نیشن