کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ الیکشن سے قبل دہشت گردی کے واقعات میں امیدواروں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔شر پسند عناصر ملک میں ایسے حالات پیدا کر کے آئینی عمل کو مکمل ہونے سے روک رہےہیں۔نگران حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرے۔الیکشن سے قبل ہی کہیں ریلیوں پر فائرنگ ہو رہی ہے تو کہیں سیاسی کارکنان کو ٹارگٹ کر کے مارا جا رہا ہے تو کہیں امیدواروں کو یہ سب وہ لوگ کروا رہے ہیں جو الیکشن میں ناکام ہونے سے ڈرتے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ الیکشن ہو۔کسی بڑے واقعے کے رونما ہونے سے پہلے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔کراچی میں اگر حالات خراب ہوتے ہیں تو پورے ملک میں اس کا اثر جاتا ہے۔متعلقہ محکموں کو چاہیے کہ فوری طور پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور آزاد امیدوار کو ہدایت جاری کریں کہ وہ اپنے تمام شیڈول انتظامیہ سے مشاورت کرکے ترتیب دیں۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں بھی الیکشن کی رونقیں نظر نہیں آرہی ہیں ہر طرف خوف کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ہر طرف الیکشن ہونے یا نہ ہونے کے ہی گفتگو زیر غور ہے۔ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ملک میں اس طرح کے حالات پیدا کر کے کوئی بہت بڑی سازش کی جا رہی ہے۔موجودہ حالات میں ملک عدم استحکام کا شکار ہے۔ملکی حالات میں اس وقت ملک کی بقا اور سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ہم سب کو اور تمام اداروں کو مل کر سوچنا ہے قانون کی بالادستی کے لیے ملک میں استحکام کے لیے ملک کی سلامتی کے لیے ہم سب کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔شر پسند عناصر اور سازشی عناصر کو قانون کے دائرے میں لانا بے حد ضروری ہے۔سزا اور جزا کا نظام بھی قائم کرنا اس وقت بہت ضروری ہے۔
الیکشن سے قبل امیدواروں کوٹارگٹ کیا جا رہا ،ثروت اعجاز قادری
Feb 01, 2024