کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ہفتہ طلبہ کے آخری روز ملی نغمات کے مقابلے میں سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبا و طالبات کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر سید شرف علی شاہ نے کہا کہ ملی نغمات سے جذبہ حب الوطنی کو تقویت ملتی ہے اور ان سے یکجہتی، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے طلبا و طالبات میں جذبہ حب الوطنی دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا ہے کہ یہ طلبا و طالبات وطن کی محبت سے سرشار ہیں، ثانوی بورڈ ان طلبا وطالبات کو پاکستان کی سطح پر مقابلوں میں بھیجنے کا اہتمام کرے گاہمارے طلبا و طالبات میں مقابلے کرنے کا حوصلہ و جذبہ موجود ہے۔ سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ طلبا و طالبات نے ملی نغمات کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار بھرپور طریقے سے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ طلبا و طالبات ہر میدان میں وطن کی محبت کا اظہار ضرور کریں ہم آئندہ بھی ان مقابلہ جات کی حوصلہ افزائی بھرپور طریقے سے کریں گے۔ پروگرام میں منصفین کے فرائض ہما کنول،حنیف اخلاق اور سید عمار بابر نے ادا کئے۔ آخر میں ڈائریکٹرایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے تمام اساتذہ کرام، اسکولوں کے سربراہان، طلبا و طالبات اور تمام میڈیا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہفتہ طلبہ کی بھرپور کوریج کی۔ آج کے پروگر ام میں طالبات میں پہلی پوزیشن پبلک اسکول اینڈ کالج سر سید ٹاو¿ن نارتھ کراچی کی عائشہ نور، دوسری پوزیشنز کیلئے دو طالبات سی ایم ایس گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نشتر روڈ کی صفیہ اورڈی ایچ اے سی ایس ایس فیز فور کیمپس کی کنزی علی نے اور تیسری پوزیشن میٹرو پولیس اسکول گرلز ایف بی ایریا کی سارہ خان نے جبکہ خصوصی انعام ادا ریوویلفیئر ایسوسی ایشن اسکول اینڈ کالج کی حمنہ کاشف نے حاصل کیا۔ اسی طرح طلبا میں پہلی پوزیشن نیو سٹی اکیڈمی نیو کراچی کے عبدالرافع، دوسری پوزیشن سینٹ پیٹرکس ہائر اسکول صدر کے ایلیشا گریفین نے جبکہ تیسری پوزیشن فاطمیہ بوائز سیکنڈری اسکول نمائش کے محمد حسنین علی نے حاصل کیں۔