حکومت 5 سال میں برآمدات کو 100ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتی ، گوہراعجاز

Feb 01, 2024

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے تجارت و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت آئندہ 5 سالوں میں پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس ہدف کے حصول کے لیے تاجر برادری بھرپور تعاون کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان کے ساتھ وزارت داخلہ میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس لیے نجی شعبے کو برآمدات کے بہتر فروغ توجہ دینی چاہیے جس سے معیشت کیلئے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کو مشکلات سے نکالنے اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں حکومت کے ساتھ پارٹنر کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معاشرے کے غریب طبقات کے مسائل کے حل اور ملک میں فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرنے میں تعاون کریں گے تاکہ انہیں کاروبار کے فروغ میں سہولت ملے۔اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی خطے میں ایکسپو سینٹر اور ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے کوشاں ہے لہذا حکومت ان منصوبوں کی تکمیل میں تعاون کرے۔ . انہوں نے کہا کہ  آئی سی سی آئی کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں نمائندگی دی جائے جس سے تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں پاسپورٹ آفس کا سہولت ڈیسک قائم کیا جائے اور ٹیکس دہندگان کے لیے ایئرپورٹس پر علیحدہ امیگریشن کاؤنٹر قائم کئے جائیں۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اگلے بجٹ میں ایس ایم ایز اور انڈسٹری کو ان کی بہتر ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی پیکج پیش کرے۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بہتر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کی نفری میں مزید اضافہ کیا جائے۔چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک ، ظفر بختاوری سابق صدر اور سیکرٹری جنرل یو جی جی پاکستان، عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، طارق صادق، محمد اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، سردار یاسر الیاس خان، سابق صدور، چوہدری وحید الدین ، محمد نوید ملک اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

مزیدخبریں