ا سلام آباد (اے پی پی + جی اےن آئی) سال 2011ءمیں پاکستانی ٹیم ایک روزہ کرکٹ سیریز میں ناقابل شکست رہی، قومی ٹیم نے 2011ءمیں 6 ون ڈے سیریز کھیلیں اور تمام 6اپنے نام کیں، گزشتہ سال کھیلی گئی پہلی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 3-2 سے شکست دی، پاکستان نے دوسری ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی اس سیریز میں بھی پاکستان نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی، پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔ پاکستان نے رواں سال پانچ ٹی 20 میچ کھیلے، چار میں فتح حاصل کی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے 2011 میں پہلا ٹی 20 میچ 21 اپریل ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا جس میں اسے سات رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس کے بعد پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی دونوں میچوں میں قومی ٹیم کامیاب رہی، سال کے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی جبکہ پانچویں اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کو 50 رنز سے ہرایا جبکہ گذشتہ سال ایک روزہ کرکٹ میں سری لنکا کے لاستھ مالنگا نے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے شاہد آفریدی دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل جانسن تیسرے نمبر پر رہے۔ 2011ءمیں سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بھارت کے اشانت شرما دوسرے اور سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ تیسرے نمبر پر رہے۔