اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ تحریک طالبان کو مذاکرات کی دعوت دی ہے مگر اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، میری زندگی کو جن لوگوں سے خطرات لاحق ہیں ان سے متعلق گھر والو ں کو آگاہ کردیا وصیت بھی لکھ دی ہے، طاہر القادری اور ایم کیو ایم سمیت کسی سے کوئی خطرہ نہیں، سیاستدانوں اور دہشت گردوں کو جب شہرت حاصل کرنے کی ضرورت پڑتی ہے تو اسلام آباد کا رُخ کرتے ہیں ، پرویز مشرف بھی بے نظیر کاقاتل ہے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بے نظیر کیس میں جو گرفتاریاں کرنا تھیں کرلیں بار بار نہ کہا جائے کہ قاتل نہیں پکڑے گئے۔ کسی کو لانگ مارچ سے نہیں روکیں گے تاہم دہشت گردی کا خطرہ موجودہے اس لئے طاہر القادری کو جلسہ پارک میں کرنے کے لئے تحریری درخواست کروں گا۔ سی آئی اے پولیس کے ہیڈ کوارٹرز میں تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، آئی جی کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان کیا، وزیر داخلہ نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہر طرف دہشت گردی کے واقعات اور خود کش حملے ہو رہے تھے، لوگوں نے گھروں سے باہر نکلنا چھوڑ دیا تھا جب اسلام آباد میں سکیورٹی کو سخت کرتے ہوئے ناکے لگائے گئے تو لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ رحمان ملک نے اسلام آباد کو ناکوں کا شہر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی سیاسی یا مذہبی جماعت کو اپنی تشہیر کرانی ہو تو وہ اسلام آباد کا رخ کرتی ہے، کوئی شارٹ مارچ کرتا ہے کوئی مڈ مارچ اور کوئی لانگ مارچ کی دھمکیاں لگاتا ہے، ہم نے ہر طرح کے مارچ دیکھ لئے ہےں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری آئے روز کے جلسے جلوسوں سے تنگ آ چکے ہےں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو فتح کرنے کی بڑھکیں مارنے والے طاہر القادری شہر کی بجائے کسی کھلے پارک میں جلسہ کریں اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں بے شک وہ لاکھوں لوگ لے کر آ جائیں حکومت ان کو کھانا، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی فراہم کرے گی، ایم کیو ایم ایک طرف حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور دوسری طرف طاہر القادری کی اتحادی بن گئی ہے ہمیں ان دونوں جماعتوں سمیت کسی سے کوئی خطرہ نہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکیم اللہ محسود کو مذاکرات کی دعوت تشدد ترک کرنے سے مشروط کی ہے، ابھی تک اس کو کوئی جواب نہیں آیا، بے نظیر کے قتل کی تحقیقات میں ایک موبائل فون سم کے ذرےعے برےک تھرو ہوا تھا جس سے حاصل ہونے والے نمبرز کے باعث منصوبہ سازوں اور قاتلوں کی پوری چین پکڑی تھی ، اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست منظور ہو گئی ہے۔
کسی کو لانگ مارچ سے نہیں روکیں گے‘ مشرف بینظیر کا قاتل ہے‘ گرفتاری کی کوشش کر رہے ہیں : رحمن ملک
Jan 01, 2013