ملکی دولت لوٹنے والے الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں‘ عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے: شہبازشریف

لاہور + منڈی بہا¶الدین (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ پاکستان کو بھکاری بناناہے یا ایک خوشحال ملک پاکستان کو اقوام عالم کا باوقار اورخوشحال ملک بنانے کے لئے میاں نوازشریف کو اقتدار میں لانا ہو گا۔ زرداری ٹولے کی کرپشن او رلوٹ مار ختم کر کے دم لیں گے۔ پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کی کرپشن کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ ملک کی دولت لوٹنے والے الےکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں لےکن عوام انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ الےکشن کا بروقت انعقاد پاکستان کے استحکام کا تقاضا ہے۔ عوام ان لوگوں کا راستہ روکیں جو کسی اور کا ایجنڈا سامنے لاکر پاکستان کو گروی رکھنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ منڈی بہاﺅالدین شہر میں ریلوے لائن پر فلائی اوور بنایا جائے گا اور شہر کو موٹروے سے ملانے کے لئے فوری طور پر سڑک کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ انتخابات جیت کر منڈی بہاﺅالدین کو فیصل آباد کی طرح کا صنعتی شہر بنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز قائداعظم گراﺅنڈ منڈی بہاﺅالدین سٹی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، مسلم لیگی رہنما دیوان مشتاق، حمیدہ وحید الدین، ناصر اقبال بوسال، چودھری اعجاز احمد، ممتاز احمد تارڑ اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ زرداری اور اس کے حواریوں نے ملک میں اربوں روپے کی کرپشن کی اور قوم کو اندھیروں کے سپرد کر دیا۔ کسانوں کو لوٹا گیا، کھاد کی فراہمی میں کرپشن ہوئی، حاجیوں کی جیبیںکاٹی گئیں، زراعت، صنعت سمیت تمام شعبوں کو تباہ کیا گیا۔ اگر ملک میں لوٹ مار نہ کی جاتی تو آج قوم کو مشکلات درپیش نہ ہوتیں۔ کرپٹ مافیا اب بھی پاکستان کو لوٹنے کا پروگرام جاری رکھنا اور عام انتخابات ملتوی کرانا چاہتا ہے لےکن ہم عوام کی طاقت سے ان کے ےہ عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب حکومت نے صوبے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ اگر میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا۔ ملک سے بے روزگاری، غربت، جہالت کے اندھیرے دور کرنے اور پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے میاں محمد نوازشریف کو اقتدار میں لانا ہو گا۔ محنت، امانت اور دیانت کے ذرےعے پاکستان کو اقوام عالم کا عالی شان ملک بنائیں گے اور اسے بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی سے اسلام آباد کے محلات پر لرزہ طاری ہے۔ انشاءاﷲ آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ زر بابا اورچالیس چوروں کے ٹولے کی جانب سے منڈی بہاﺅالدین کے لئے بھجوائے گئے ترقیاتی فنڈز بھی لوٹ مار کی نذر ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ اقتدار میں آکر منڈی بہاﺅالدین کو راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور جیسا شہر بنائے گی اور ےہاں دانش سکول بھی قائم کیا جائے گا۔ افواج پاکستان 18 کروڑ عوام کی فوج ہے جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر دم تیار ہے۔ مسلم لیگی رہنماﺅں نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے فراہم کئے گئے وسائل سے ملک و قوم کے مستقبل پر دوررس اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے نئی نسل کو جدید علوم سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ 2011ءمیں صوبے بھر میں ہونہار اور ذہین طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر سوا لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ 2012ءمیں بھی میرٹ پر ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں جن میں سے 22 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے لیپ ٹاپ سکیم میں سرکاری یونیورسٹیوں،کالجوں اور سکولوں کے پی ایچ ڈی اساتذہ کو شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا لیپ ٹاپ سکیم میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی شمولیت سے ان کی استعداد کار مےں اضافہ ہو گا جبکہ دینی مدارس کے طلبا و طالبات کو مزید لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ وہ گذشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے صوبہ بھر میں شروع کئے جانے والے مختلف پروگراموں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انٹرنیز کو پیشہ وارانہ تربیت کیلئے سرکاری محکموں کے علاوہ پرائیویٹ اداروں میں بھی ٹریننگ فراہم کی جائے ۔ اب تک 40 ہزار انٹرنیز کو انٹرن شپ لیٹرز جاری کئے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زرعی معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر ملک کو زرعی شعبے میں خودکفیل بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ 9 ہزار سے زائد ٹریکٹرز کاشتکاروں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ 48 ٹریکٹرز راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ جات کے نوجوان کاشتکاروں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت یوتھ کیلئے شروع کئے جانے والے پروگراموں پر شفاف انداز سے عمل پیرا ہے اور ہم نے صوبے کے نوجوانوں کو نہ صرف ان کا حق دیا بلکہ انہیں بااختیار بھی بنایا ہے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کو زر بابا اور اس کے چالیس چوروں نے دنوں ہاتھوں سے اگر ملک کو نہ لوٹتے تو آج پنجاب میں دوگنا ترقی نظر آتی، میاں نوازشریف کی عوام میں ہونے والی پذیرائی سے زر بابا کے محلات کانپ رہے ہیں، ملک کو ابھی تک لوٹنے کا پروگرام جاری ہے اور اب حکمران ایک نیا ناٹک کر کے باہر سے امپورٹڈ لوگوں کو اسلام آباد لانے کی سازش کی جا رہی ہے، اس نئے ناٹک کو عوام کے ساتھ ملکر ناکام بنا دیں گے۔ وقت آگیا ہے کہ مسلم لیگ کا ساتھ دیا جائے، آپ نے ان کے پیچھے نماز پڑھنی ہے تو پڑھیں لیکن ووٹ نوازشریف کو دیں۔ مجھے منڈی بہا¶الدین آ کر مایوسی بھی ہوئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے یہاں سے ایک بھی سیٹ نہیں جیتی لیکن جلسہ میں آپ کا جوش دیکھ کر امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں ہم تمام سیٹیں جیتیں گے، انہوں نے منڈی بہا¶الدین کیلئے فلائی اوور برج کی تعمیر، نامکمل دو ڈبل روڈ کو موٹروے سے ملانے کے منصوبہ اور دانش سکول بنانے کا اعلان کیا، جلسہ سے حمیدہ وحیدہ الدین، دیوان مشتاق احمد، ناصر اقبال بوسال، رانا مشہود، ممتاز احمد تارڑ، اعجاز چودھری نے بھی خطاب کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے دورہ کے دوران مکمل ہونے والے شہباز شریف پارک، چک نمبر 2 ڈبل روڈ، چلڈرن ہسپتال اور نوازشریف گرلز کالج کا افتتاح بھی کیا۔ جلسہ کے اختتام پرمسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے خوشی کے مارے ہوا میں کرسیاں اور صوفہ کی گدیاں اچھال دیں اور ان سے کافی دیر تک کھیلتے رہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے نئے سال 2013ءکے آغاز پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال ملک اور قوم کے لئے خوشحالی اور خوشیوں کا سال ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر طاہر سرفراز کے والد کرنل (ر) سرفراز اعوان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن