پاکستان ہاکی فیڈریشن کا 28 کروڑ خسارے کے ساتھ 49 کروڑ 35 لاکھ روپے کا بجٹ منظور

Jan 01, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جنرل کونسل اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیائ، سیکرٹری آصف باجوہ سمیت تمام ارکان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں 2013ءکے لئے 49 کروڑ 35 لاکھ روپے بجٹ کی منظوری دی گئی جو کہ 28 کروڑ روپے خسارے کا بجٹ ہے۔ فیڈریشن نے پاکستان ٹیم کے فاروڈ شکیل عباسی کو سال 2012ءکا بہترین کھلاڑی قرار دیا جس پر انہیں لیجنڈ آرگنائزر ائرمارشل نور خان ایوارڈ کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ جونیئر اور خواتین میں بھی اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو بریگیڈئر عاطف ایوارڈ کے ساتھ ساتھ پچاس پچاس ہزار روپے انعام دیا گیا۔ جونیئرز میں دلبر حسین اور خواتین میں رابعہ قادر سال کی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز کی بحالی کے لئے معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی جبکہ تاریخوں کا اعلان ہونا باقی ہے۔ پاکستان ٹیم مارچ کے آخری ہفتہ میں بھارت کے دورہ پر جائے گی جبکہ مہمان ٹیم اپریل کے وسط میں پاکستان آئے گی۔ بھارتی ٹیم کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز کے میچز لاہور، کراچی، پشاور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کھیلے جائیں گے

مزیدخبریں