کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیرقانون فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔۔۔ جس میں وزارت پٹرولیم، کابینہ سیکرٹریٹ اورسی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت۔۔۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین اوگراکاکہناتھاکہ سی این جی کی نئی قیمتوں کا تعین کرلیا گیا ہے۔۔۔ جس کے تحت ریجن ون میں نئی قیمت چوہترروپے چالیس پیسے اور ریجن ٹو میں اڑسٹھ روپے فی کلو ہو گی۔۔۔ نئی قیمت میں پانچ روپے بیس پیسے آپریٹنگ کاسٹ، سات روپے بائیس پیسے بجلی کی قیمت اورچارروپے بتیس پیسے فی کلو مارجن شامل کیاگیا ہے۔
دوسری طرف آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے کہا کہ انہیں نئی قیمتیں قبول نہیں۔۔۔ نئی قیمتوں کا تعین پرائسنگ فارمولے کے تحت نہیں ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگومیں مشیرپٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ سی این جی ایسوسی ایشن ویلیوایڈیشن اورمارجن پرمتفق تھی۔۔۔ تاہم انہیں آپریٹنگ کاسٹ پراختلافات تھے۔۔۔ ان کا کہنا تھا کہ فارمولے کے حوالے سے وہ سی این جی ایسوسی ایشن کے تحفظات دورکرنے کیلئے تیارہیں۔
سی این جی کی نئی قیمتوں کا تعین توہو گیا۔۔۔ لیکن عوام کوسی این جی کی فراہمی ابھی تک ایک سوالیہ نشان ہے، جس کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔