نوشہرہ (ثناء نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے ہم مولانا سمیع الحق اور وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کا جو اختیار دیا ہے وہ خوش آئند ہے ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا پہلے دن سے خواہاں ہے۔ اس صوبے میں امن قائم ہوگا تو ترقی ہو گی۔ ہمیں اپنے مفادات عزیز ہیں دوسروں کے مفادات سے ہمیں کوئی فائد ہ نہیں۔ نوشہرہ پریس کلب کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا میری حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں امن امان کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا مجھے وزیر اعظم کا کوئی خط نہیںملا تاہم میں نے ان کو خط لکھ دیا ہے کہ میرے صوبے کے عوام کے ساتھ مزید مذاق نہ کریں اور پیسکوکمپنی کا اختیار دینے کے بجائے ہمیں اپنی بجلی کے پیداوار کا مکمل اختیار دیں۔ جس میں ہم جنریریشن، ڈسٹری بیوشن، اور نرخ مقرر کرسکیں۔ انھوںنے کہا ہم 15 جنوری کو الیکشن کمشن سے ملاقات کرنے جارہے ہیں اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔جب ہماری تیاری مکمل ہوگئی تو ہم مقررہ تاریخ کا اعلان کریں پنجاب اور سندھ کی جھوٹی تاریخ دے کر خود پھنس گئے اس لئے میں نہیں چاہتا میرا صوبہ بھی ایسے حالات میں پھنس جائے۔