پنجگور ہوائی اڈے پر راکٹوں سے حملہ خضدار میں قبائلی رہنما قتل

Jan 01, 2014

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کر دیا تاہم کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی پولیس حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے گذشتہ شب ہوائی اڈے پر دو راکٹ داغے جو ہوائی اڈے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہم راڈار کے قریب گرے اور دھماکے سے پھٹ گئے۔ پولیس کا شبہ ہے کہ حملے کا بظاہر نشانہ ہوائی اڈا اور ہوائی اڈے کا راڈار تھا۔ یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ایک انتہائی اہم راڈار پنجگور کے ہوائی اڈے پر نصب ہے جس کے ذریعے پنجگور کی فضائی حدود سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر اس راڈار کو اس حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچتا تو اس سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو کنٹرول کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ دریں اثناء خضدار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما  جاںبحق ہو گیا جس کے بعد نامعلوم مسلح افراد نے شہر کو بند کر دیا اور شہر کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی بھی آوازیں لوگوں کو سنائی دی۔ خوف  وہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق خضدار میں پرانا کراچی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ملگزار کے رہائشی قبائلی رہنما رئیس عبدالقدوس گزگی جاںبحق ہو گئے۔ مرحوم محکمہ صحت میں بھی ملازم بتائے گئے ہیں واقعے کے بعد نامعلوم مسلح افراد نے شہر کے مختلف علاقے بندا کر دیئے۔

مزیدخبریں