مشرف جان بچانے کیلئے فوج کا نام استعمال کر رہے ہیں‘ طالبان سے مذاکرات میں جلد پیشرفت ہو گی: چودھری نثار

راولپنڈی (آن لائن) وزیر داخلہ  چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان  میں اس وقت کوئی آپریشن  نہیں ہورہا، طالبان سے مذاکرات کیلئے  مولانا سمیع  الحق سمیت علمائے کرام و دیگر کی معاونت  حکومت کو حاصل ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں  کئے گئے فیصلے کے نتیجے میں  علمائے کرام سمیت دیگر  لوگ کام کر رہے ہیں، پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں فوج کی طاقت کا غلط استعمال کیا اور اب  اپنی جان بچانے کیلئے  فوج کا نام استعمال کررہے ہیں، سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے  آٹھ لاکھ سے زائد پاسپورٹ تیار نہ ہو سکے، پانچ ماہ کی مختصر مدت میں حکومت نے 9لاکھ پاسپورٹ جاری کئے۔ منگل کو یہاں راولپنڈی میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے  موقع پر اپنے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم  پر بہت تنقید  ہوئی مگر ہم شور مچانے یا جواب دینے کی بجائے خاموشی سے اپنا کام کرتے رہے۔ ہمارے نزدیک سب سے اہم کام  اداروں کی ساکھ کی بحالی تھی  کیونکہ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا تھا۔ قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر  حکومت، فوج اور دیگر ادارے متفق ہیں  جلد قومی سلامتی پالیسی سامنے  لائی جائے گی۔ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کیلئے  اقدامات کئے جارہے ہیں  آئندہ دو روز میں وزیراعظم  میاں نواز شریف  اہم اعلان کرینگے۔ صحافیوں کے تحفظ کیلئے وزارت اطلاعات سے مل کر واضح پالیسی بنائی جائے گی جو صحافی قتل ہوچکے ان کے کیسوں کا جائزہ لے کر مقدمات تیزی سے نمٹانے کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار سے زائد ایسے سرکاری بلیو پاسپورٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں جو کہ سابق حکومت کے دور میں اقتدار اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران نے  اپنے مالشیوں کو بھی جاری کررکھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں خواجہ سعد رفیق کے آنے کے بعد  ٹرینیں  بہتری کی جانب گامزن ہیں پی  آئی اے کی صورتحال زیادہ بہتر نہیں  مگر بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ  ڈیموںاور دریائوں میں  پانی کی کمی کی وجہ سے  لوڈشیڈنگ میں اضافہ کرنا پڑا  مگر پریشانی کی بات نہیں حکومتی اقدامات کے نتیجے میں  آئندہ صورتحال بہتر ہوگی۔  کراچی میں جرائم کی شرح میں 30فیصد کمی ہوئی ہے، اب سٹریٹ کرائم کے حوالے سے اختیارات بھی رینجرز کو دینے کا فیصلہ کیا ہے  اور اس پر عمل درآمد صوبائی حکومت کی مشاورت کے بعد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان اور کراچی میں صوبائی حکومتوں کی معاونت سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری لائی ہے۔ وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیانات نہیں اقدامات کررہی ہے، اپوزیشن کے پاس کوئی بات نہیں ہوتی تو ان کے لفظ تماشا بھی بڑا لگتا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد ہیں۔ طالبان سے مذاکرات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے جامع ٹیم تشکیل دی ہے۔ قومی سکیورٹی کا مسودہ تیار ہے جلد کابینہ میں پیش کردیا جائے گا مذاکرات کے حوالے سے حکومتی ٹیم کام کررہی ہے آئندہ چند دنوں میں طالبان سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوگی۔ آئی این پی کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا طالبان سے مذاکرات کیلئے کسی کو کوئی ذمہ داری نہیں سونپی گئی، مولانا سمیع الحق صرف حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...