لاہور (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی موجودگی میں پاکستان آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے اور سالِ نو ملک میں امن کی بحالی کی نوید لائے گا، خیبر پی کے اور بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات ہی واحد حل ہیں اور ڈالروں کی چمک سے مرعوب ہونے والے غلامانہ ذہنیت کے حامل عناصر کو سمجھنا چاہیے کہ تشدد ملک میں مزید فساد اور دہشت گردی کی وجہ بنتا ہے۔ نئے سال کی آمد پر سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر جاری اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سال 2014ء کو تبدیلی کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہماری جانب سے برپا کی جانے والی تحریک ثمر بار ہوگی اور آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ کی موجودگی میں ملک آگے بڑھے گا۔ آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے عمران خان نے ملک میں انتخابی نظام کی اصلاح کے بارے میں اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے 11مئی کو دھاندلی کرنے والوں کے احتساب کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔ موجودہ حکمران بھی اپنے سابقہ حکومت کے نقش قدم پر گامزن ہے قوم کوجان لینا چاہیے کہ بیرون ملک دولت کے انبار جمع کرنے والے رہنما کبھی بھی قومی مفاد کی خاطر امریکہ کے سامنے کھڑے ہونے کی جرات نہیں کرسکتے۔ سالِ نو کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں نظام کی اصلاح اور لوگوں کی فلاح کے حوالے سے تبدیلی کی جانب سفر جاری رکھے گی۔
نیا سال ملک میں امن بحالی کی نوید لائے گا: عمران
Jan 01, 2014