لاہور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) گذشتہ سال 2013ء کا آخری مقدمہ تھانہ گرین ٹائون میں ایک شراب فروش کیخلاف رات 11 بجکر 59 منٹ پر درج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او گرین ٹائون انسپکٹر شریف سندھو نے نیو ائیر پارٹی میں سپلائی کیلئے شراب لیکر جانیوالے شراب فروش شہزاد کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے 20 لٹر شراب برآمد کر لی۔ سال 2014ء کا پہلا مقدمہ رات 12 بجکر ایک منٹ پر تھانہ شفیق آباد میں ایک منشیات فروش کیخلاف درج ہوا۔ بتایا جاتاہے کہ تھانہ شفیق آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر سید حسین حیدر شاہ نے گذشتہ رات مالی پورہ بند روڈ ناکے پر ایک مشکوک شخص کو روک کر تلاشی لی تو اس کے قبضہ سے ایک کلو چرس برآمد ہوئی۔ جس پر ملزم منشیات فروش افتخار عرف بادشاہ کو گرفتار کر کے اس کے خلاف سال 2014ء کا پہلا مقدمہ درج کیا گیا۔ 2014ء میں پہلی ولادت گنگارام ہسپتال لاہور میں ہوئی۔ گذشتہ رات 12 بجکر ایک منٹ پر سرکاری ملازم محمد علی بچی کا والد بن گیا۔ محمد علی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی اللہ کی طرف سے میرے لئے نئے سال کا تحفہ ہے۔