نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + بی بی سی) سال نو پر بھارتیوں کو ’’عام آدمی پارٹی‘‘ نے تحفہ دے دیا۔ نئی دہلی کے واٹر بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج یکم جنوری 2014ء سے ہر خاندان کو ہر ماہ 20,000 لٹر پانی مفت فراہم کرے گا۔ دہلی واٹر بورڈ کے سربراہ جے کمار نے کہا ایک اجلاس میں جو وزیر اعلیٰ کیجریوال کی صدارت میں ہوا‘ اس میں ایک اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ جو ہمارے گھریلو صارفین ہیں جو ہر ماہ 20 کلو لٹر سے کم پانی استعمال کرتے ہیں اور جن کے میٹر کام کر رہے ہیں انہیں یکم جنوری 2014ء سے یہ سہولت دی جائے گی۔ پانی کی بچت کو فروغ دینے کیلئے ایسے صارفین جو ہر ماہ 20 کلو لٹر سے زیادہ پانی کا استعمال کریں گے انہیں پورے پانی کا بل بھرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ گذشتہ بل ادا کرنے میں چھوٹ دینے کیلئے جو سکیم نافذ کی گئی تھی اسے 31 مارچ 2014ء تک بڑھایا جا رہا ہے۔ دہلی میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں مفت پانی کی سپلائی ایک اہم مسئلہ تھا۔ عام آدمی پارٹی نے مفت پانی اور سستی بجلی کا وعدہ پورا کر دیا‘ اقتدار میں آتے ہی عوام کو ریلیف دینا شروع کر دیا ہے۔ 103 بخار کے باعث نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر پر کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اروند کیجروال نے کہا کہ ہر خاندان کو ہر ماہ 20 ہزار لٹر مفت پانی فراہم کیا جائے گا، 400 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لئے بجلی کی قیمت آدھی ہو گی۔ یہ سبسڈی صرف نئی دہلی میں 31 مارچ 2014ء تک ملے گی۔ پولیس اہلکار کی ہلاکت پر ایک کروڑ روپے امداد کا بھی اعلان کیا تھا۔ آڈیٹرز کو پرائیویٹ پاور کمپنیوں کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
سال نو کا تحفہ، عام آدمی پارٹی نئی دہلی میں پانی مفت، بجلی آدھی قیمت پر دے گی
Jan 01, 2014