کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ضلع خضدار میں کار ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں تین افراد جاںبحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق وڈھ شہر کے نزدیک آر سی ڈی روڈ پر کار ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین افراد جاںبحق ہو گئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ کار اور ٹرک آمنے سامنے لگے جبکہ درمیان میں موٹر سائیکل زد میں آگیا، موٹر سائیکل سوار اور کار میں سوار دو افراد موقع پر جاںبحق ہو گئے۔ پولیس نے نعشوں اور زخمیوں کو خضدار سول ہسپتال پہنچا دیا۔ دریں اثناء منگل کو کوئٹہ کے علاقے خروٹی سٹریٹ کے گھر میں گیس لیکج ہونے کے باعث شبیر حسین، اس کی اہلیہ مومن بی بی اور بیٹا یاسر عباس دم گھٹنے سے جاںبحق ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچا دیں۔ گوالمنڈی پولیس تھانہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے علاقے رحیم یار خان سے ہے۔