اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر پرویز مشرف کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل حامد جاوید نے کہا ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کی حکومت سے رخصتی کو رکوایا تھا جبکہ انہوں نے میر ظفر اللہ جمالی کی فراغت روکنے کی کوشش کی تھی تاہم یہ ہو کر رہا۔ گزشتہ روز تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے حامد جاوید نے کہا کہ شوکت عزیز بطور وزیراعظم فارغ ہونے والے تھے تاہم انہوں نے معاملات کو سنبھالا اور شوکت عزیز کو وزیراعظم کے طورپر اپنی مدت پوری کرنے کا موقع فراہم کر دیا جبکہ وہ اس سے قبل میر ظفر اللہ جمالی کی فراغت کو بھی رکوانے کی کوشش کرتے رہے تھے تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔ جنرل حامد نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999ء کی صورتحال سے وہ براہ راست منسلک نہ تھے تاہم ان کا تجزیہ یہ کہتا ہے کہ محمد نواز شریف اور پرویز مشرف دونوں غلط فہمی کا شکار ہوئے اور اس کی ابتداء ایک انگریزی روزنامہ میں شائع ہونے والی ایک خبر کی وجہ سے ہوئی تھی اور غلط فہمی بڑھتی ہی چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے مقدمہ سے آخر کار پنڈورہ باکس کھلے گا۔
شوکت عزیز حکومت کو بچایا‘ جمالی کی فراغت نہ رکوا سکا: حامد جاوید
Jan 01, 2014