حکومت خاموش نہ رہے، بھارت کو بھرپور جواب دے، سیاسی رہنما

لاہور (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکر گڑھ سیکٹر پر فلیگ میٹنگ کے بہانے رینجرز اہلکاروں پر بھارتی فوج کی فائرنگ بھارت کی جانب سے کھلا اعلان جنگ ہے اس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے۔ امریکہ و بھارت پاکستان کو دبائو میں لاکر اپنے مذموم منصوبے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو بھارت جارحیت سے باز نہیں آئے گا۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ انتہائی تشویش ناک ہے اس کے پیچھے انڈیا اور امریکہ کی خوفناک منصوبہ بندی ہے۔ باہمی اختلافات ختم کر کے پوری قوم کو دفاع کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اسے انڈیا کے قبضے سے چھڑانا ہے۔ دریں اثناء ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی بی ایس ایف کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 پاکستانی رینجرز کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار اور بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا بھارت نے بزدلانہ حرکت دھوکہ دہی کے ذریعے کی تمام سیاسی جماعتیں اس پر صدائے احتجاج بلند کریں۔ بھارتی حکومت اپنے فوجیوں کیخلاف کارروائی کرے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے شکرگڑھ بارڈر پر فلیگ میٹنگ کے دوران بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے رینجرز جوانوں کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اعتماد سازی کو سخت نقصان پہنچے گا، بھارت کا یہ رویہ متکبرانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ خطے میں قیام امن کیلئے بھارت بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے بھارت کی بار بار بارڈر قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا قوم وطن کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مظفر آباد اور اسلام آباد میں ٹریفک حادثات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ انہوں نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ علاوہ ازیں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ’’ر‘‘ حمید گل نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 رینجرز جوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت خطے میں کشیدگی کی آگ بھڑکانا چاہتا ہے حکومت کو سفارتی سطح پر بھرپور احتجاج کرنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن