اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لٹر تک کمی کا اعلان کر دیا۔ پٹرول 6.25 روپے‘ ہائی آکٹین14.14‘ مٹی کا تیل 11.26 ‘ ہائی سپیڈ ڈیزل 7.86‘ لائٹ ڈیزل کی قیمت 10.48 روپے فی لٹر سستا ہو گیا، کمی کا اطلاق گذشتہ شب 12 بجے سے ہو گیا۔ حکام کے مطابق جی ایس ٹی میں اضافے کے باجود عوام کو 6 تا 14 روپے تک کا ریلیف دینے کی منظوری دی گئی آج یکم جنوری سے پٹرول کی نئی قیمت 78.28 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت86.23 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 67.50 روپے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 71.92 اور ہائی اوکٹین کی نئی قیمت 92.13 روپے لٹر ہو گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ کسانوں، ٹرانسپورٹروں، انڈسٹری کو بھی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت آلو 80 روپے کلو تھا اب 20 روپے ہے۔ عوام کو سہولت فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان میں سکیورٹی کے مسئلے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ قوم کو پتہ چلنا چاہئے کہ عوام کی حکومت عوام کیلئے کیا کر رہی ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کو 68 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ عوام کو 400 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا۔ 68 ارب کے نقصان کو پورا کرنے کے لئے سیلز ٹیکس میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا۔ عوام کو سہولیات دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں فرنس آئل بجلی بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔ اس لئے فرنس آئل پر کوئی سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا جا رہا۔ صوبائی حکومتیں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں۔ ملکی مسائل کے حل کی جانب گامزن ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کم ہو چکی ہے۔ آئندہ دنوں میں بجلی مزید سستی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے گوادر سے پائپ لائن بچھا رہے ہیں۔ گیس کی کمی پوری کرنے کیلئے ایران سے بھی معاہدہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت اپنی کم ترین سطح 52 ڈالر 52 سینٹ پر آگئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم نے گیس اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابو پا لیا تو یہ پاکستان کی فتح ہو گی۔ آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے وسائل درکار ہیں پھر بھی عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا بجلی کی قیمت میں 2روپے 32پیسے کمی ،کمی کا اطلاق کیاتھا مگر سانحہ پشاورکی وجہ سے یہ حکومتی اطلاق دب کر رہ گیا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں بجلی کو سستا ہوناچاہیے اب تک پاکستان میں تیل کی قیمتوں کو مجموعی طور پر 29روپے 69پیسے کم کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہیے صوبائی حکو مت اشیاء کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں ان میں کمی ہونی چاہیے صوبائی حکومتوں کو کہتاہوں کہ فوری اقدامات کریں۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ میں نے انتخابات اور بعد میں کبھی یہ نہیں کہا کہ 6ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔ اپنی حکومتی مدت میں اس مسئلے کو ضرور حل کرنے کے بارے میں کہا ہے۔