پشاور (این این آئی)گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے فاٹا میں مواصلاتی انفراسٹرکچر کی تیز ترین ترقی کیلئے فیوا (فاٹا انفراسٹرکچر اینڈ ورک اتھارٹی) کے نام سے ایک الگ ادارے کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنی حتمی تجاویز پیش کریں۔ وہ بدھ کے روز گورنر ہاؤس میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں انہیں فاٹامیں مواصلاتی انفراسٹرکچر کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ فاٹا کے علاقے گزشتہ چند عرصے سے پسماندہ چلے آرہے ہیں حالانکہ فاٹا کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے فاٹا میں بنیادی ڈھانچے کو پائیدار بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔