اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے قومی کمیٹی برائے اطفال کے قیام کی منظوری دے دی۔ پہلی مرتبہ بننے والی کمیٹی کا مقصد بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ کمیٹی میں ملک کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شامل ہیں۔ کمیٹی وفاقی اور چاروں صوبائی محتسب میں بچوں کے حقوق سے متعلق پالیسیاں مرتب کرے گی اور ان کے تحفظ کیلئے مربوط تعاون کو یقینی بنائے گی۔ بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع، صحت کی اچھی سہولتوں کی فراہمی اور انہیں بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے پالیسیوں کے علاوہ اصول قواعد و ضوابط وضع کرنے کے ساتھ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی تشہیر کیلئے گائیڈ لائنز دے گی تاکہ ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جا سکیں۔ کمیٹی کے اغراض و مقاصد میں بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی کی راہ ہموار کرنا اور تمام صوبوں سے اس بارے میں ٹھوس اقدامات بھی شامل ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں سابق وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر ایس ایمی ظفر، کوئٹہ سے راحیلہ حمید درانی، لاہور سے فریال گوہر، شہناز وزیر علی، ڈاکٹر فرزانہ باری، پروفیسر تقدس گیلانی، بیگم جان اور دوسری معتبر شخصیات شامل ہیں۔