ہیوسٹن (نیٹ نیوز) امریکی تحقیقاتی اداروں نے ہیوسٹن کی مسجد کو نذر آتش کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرکے اس پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن میں واقع مسجد کو نذر آتش کرنے کا واقعہ کرسمس کے روز پیش آیا تھا۔ تفتیشی اداروں نے اپنی رپورٹ میں گرفتار شخص کا نام گیری مور بتایا ہے جو مسلمان ہے اوراس کی عمر 37سال بتائی گئی ہے۔ تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص آگ لگنے سے کچھ دیر قبل مسجد میں داخل ہوا تھا۔ اس کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوئی۔ملزم نے مسجد میں پانچ مقامات پر چار کول کے ذریعے آگ لگائی اور فوری طور پر مسجد سے نکل گیا۔ شناخت کے فوری بعد تحقیقاتی اداروں نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارکر اسے گرفتار کرلیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے ملزم کے گھر پر موجود کمپیوٹر، سیل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات اپنے قبضے میں لے لئے۔