ٹوبہ ٹیک سنگھ+ کمالیہ (نامہ نگاران) حلقہ پی پی 89 میں تحریک انصاف نے آزاد میدوار کے حق میں اپنا امیدوار دستبردار کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ دوسری طرف تحریک انصاف کے امیدوار رانا شفیق نے پارٹی فیصلے پر بغاوت کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جعرات کو ریاض فتیانہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے میرے موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے پی پی 89 سے تحریک انصاف کے امیدوار رانا شفیق سے ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا جس کی بنا پر گذشتہ روز چودھری سرور نے پی پی 89 میں آزاد امیدوار سونیا علی رضا کی حمایت کر دی، اب چودھری سرور آزاد امیدوار سونیا علی رضا کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے امیدوار رانا شفیق نے پارٹی فیصلے سے بغاوت کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ عمران خان 4 جنوری کو ٹوبہ میں سونیا علی کی طرف سے منعقد ہونے والے جلسے میں خطاب کرینگے۔