کابل (آئی این پی) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں شدت پسند تنظیم داعش کے ٹھکانوں پر2 فضائی حملوں میں داعش کے 25جنگجو ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے ۔جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میںکہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان نیشنل آرمی کے تعاون سے داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع دیہہ بالا کے علاقے قلعہ شیخان میں گروپ کمانڈر وں عبدالخالق اور سید اماراتی سے تعلق رکھنے والے داعش کے دو اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا ۔حملوں میں داعش کے 25 جنگجو ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے ۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ہلا ک ہونے والوں میں کمانڈر سید اماراتی کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔فضائی کاروائی میں داعش کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔ننگرہار ملک کا شورش زدہ صوبہ ہے جہاں داعش کے جنگجو سرگرم ہیں اور انھوںنے یہاں جیلیں بھی بنا رکھی ہیں۔ دوسری جانب افغان شہری داعش اور طالبان کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا، مشرقی شہر جلال آباد میں سینکڑوں افراد نے سڑکوں پر آکر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبہ ننگرہار میں شدت پسند گروپ داعش اور طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائیاں تیز کرے۔ مظاہرین نے داعش اور طالبان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ان گروپوں سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدام نہیں کر رہی۔
افغانستان:داعش کے ٹھکانوں پر بمباری 25 جنگجو ہلاک31 زخمی شدت پسند تنظیم کے خلاف مظاہرے
Jan 01, 2016