2015ء میں پاک فوج نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں

Jan 01, 2016

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)2015کا آخری سورج طلوع ہوگیا،پاک فوج نے رواں سال دہشت گردوں کے خلافآپریشن ضرب عضب میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں،آپریشن میں دشمن کو کاری ضرب لگی اور 90 فیصد علاقہ دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا گیا۔2015 کا سورج طلوع ہوا تو قوم ایک نئے عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کا ارادہ کرچکی تھی، ایک طرف آپریشن ضرب عضب میں تیزی آئی تو دوسری جانب شہری علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں میں امن کے دشمنوں کو ٹھکانے لگانے کا سلسلہ شروع ہوا۔ شمالی وزیرستان میں میران شاہ، میرعلی، دتہ خیل، رزمک، گریوم، شیوہ، سپن وام، بویا اور دیگان کے علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا، شوال میں بھی نوے فیصد علاقہ کلئیر کرالیا گیا، دہشت گردوں کے 837 ٹھکانوں سمیت ان کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا، جبکہ 3400 دہشت گرد مارے گئے، انٹیلی جنس کی بنیاد پرملک بھرمیں 10 ہزار سے زائد کارروائیوں میں 150 سے زائد خطرناک دہشت گرد مارے گئے اور18 ہزارسے زائد کو گرفتار کیا گیا۔ آپریشن ضرب عضب میں سکیورٹی فورسز کے 400 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ ایک ہزار 914 جوان زخمی ہوئے، اب بھی پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے تباہ کئے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں