لائرز کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان نے بھارت کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستانی وکلاء کرکٹ ٹیم نے پانچویں بین الاقوامی لائرز کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں روائتی حریف بھارتی وکلاء کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا کے شہر برسبین میں جاری پانچویں لائرز کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ انڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف52 رنز بنا سکی۔ پاکستانی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف گیارویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔عبداللہ بٹ ایڈووکیٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کی شاندار جیت پر ٹیم کے پیٹرن انچیف اور لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے مبارکبار دی۔ پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ کامن ویلتھ وکلاء کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ ورلڈ کپ میں نو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ورلڈ کپ کے مقابلے گیارہ جنوری تک جاری رہیں گے۔ جسٹس(ر) اسدمنیر سمیت دیگر سینئر وکلاء بھی پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے آسٹریلیا میں موجود ہیں۔ پاکستانی وکلاء کی کرکٹ ٹیم نے نئی دہلی میں کھیلے جانے والے گزشتہ ورلڈکپ کے فائنل میں بھی انڈین ٹیم کو عبرتناک شکست سے دوچار کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن