جسٹس ثاقب نثار نے 25 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ سپیشل رپورٹ) سپریم کورٹ کے جسٹس ثاقب نثار نے پاکستان کے 25 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء و ارکان پارلیمنٹ سمیت مسلح افواج کے سربراہ اور سپریم کورٹ کے ججز نے شرکت کی۔تقریب کے بعد صدر ممنون حسین سے چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدرممنون حسین نے جسٹس میاں ثاقب نثار کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہ احسن سرانجام دیں گے۔ حلف برداری کی تمام کارروائی قومی زبان اردو میں کی گئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار 17 جنوری 2019 تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ وہ 18 جنوری 1954ء کو لاہور میں پیدا ہونے والے جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب یونیورسٹی سے قانون کے ڈگری حاصل کی۔ 1980ء میں وکالت کا پیشہ اختیار کیا اور 1982ء میں وہ ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ بن گئے جبکہ 1994ء میں انہیں سپریم کورٹ کا ایڈووکیٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔1998ء میں جسٹس ثاقب نثار کو ہائی کورٹ کے جج بنے جبکہ 2010ء میں انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کردیا گیا۔ جسٹس ثاقب نثار سیکرٹری قانون بھی رہے۔ جسٹس ثاقب کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس سمیت ججز کی تعداد 16 ہو گئی جبکہ فاضل عدالت کی فل سٹرینتھ 17ججز کی ہے۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن