اسلام آباد:صدر سے وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہوں کی ملاقات

Jan 01, 2017

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ+ آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین سے وزیر اعظم نواز شریف نے ملاقات کی اور ملک کی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قومی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم حکومتی اور عسکری امور زیر غور آئے، اس موقع پر ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی۔ صدر ممنون حسین نے ملک میں امن و امان اور جاری دہشت گردی کیخلاف آپریشن ضرب عضب پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی، صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ صدر نے پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو نشانِ امتیاز ملٹری کے اعزاز سے نوازا۔ اعزازات دینے کی تقریب اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نوازشریف، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزراء اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں