لاہور / کراچی (خبر نگار + ایجنسیاں+ نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند جاری ہے جبکہ پسرور اور دریا خان میں ٹریفک حادثات دوران 2 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ لاہور ائرپورٹ پر شدید دھند کے باعث 10پروازیں منسوخ اور 40کے قریب پروازیں بری طرح متاثر اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ لاہورسمیت پنجاب بھر میں گزشتہ روز بھی دھند کا راج رہا جس کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رکھا۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگلے پانچ روز تک موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ علاوہ ازیں پسرور میں ڈسکہ روڈ پر زائرین سے بھری کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ پچیس زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔ ہفتہ کوکراچی میں صبح سویرے شدید دھند کے باعث روز مرہ امور سر انجام دینے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دھند کے باعث حد نگاہ پچاس سے سو میٹر تک ہو گئی۔ دریا خان سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند نے ضلع بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا حدِ نگاہ چند فٹ تک محدود ہو کر رہ گئی۔ کاٹھ موڑکے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سوار دھند کے باعث گدھا ریڑھی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں عنایت اللہ جاں بحق ہو گیا۔ دوسرا حادثہ بھکر روڈ پر 2 ٹرک آمنے سامنے ٹکرا نے سے پیش آیاجس سے 3افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تیسرا حادثہ دلے والا روڈ پر ویگنیں آپس میں ٹکرا گئیں جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ شورکوٹ چھاو¿نی سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث حد نگاہ دس سے بارہ میٹر رہ گئی تھی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سکھےکی کے قرےب اےک نجی ملز کے ملازمےن کی بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے دھند کے باعث ٹکرا گئی جس کے نتےجہ مےں ملز کے چھ ملازمےن زخمی ہوگئے۔ خبر نگار کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے دہلی اور دہلی سے لاہور آنیوالی 2پروازیں، اسلام آباد، کراچی، ملتان سے لاہور آنیوالی 3پروازیں اور لاہور سے ملتان پرواز منسوخ ہو گئی۔ ائر بلیو کی لاہور تا کراچی اور کراچی تا لاہور، لاہور سے پشاور اور شارجہ سے لاہور کی 4پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ مزید برآں پی آئی اے کی لاہور سے نیویارک جانیوالی پرواز سوا دو گھنٹے، کراچی جانیوالی پرواز ڈھائی گھنٹے، دبئی جانیوالی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ امارات ائر لائنز کی دبئی سے آنیوالی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ موخر ہوئی۔ کویت ائر کی کویت سے آنیوالی پرواز ساڑھے 6گھنٹے، کویت جانیوالی ساڑھے 3گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ ائر بلیو کی مدینہ منورہ جانیوالی پرواز 9گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔
موسم/دھند
شدید دھند موٹروے کے متعدد سیکشنز بند‘ لاہور ائرپورٹ پر دس پروازیں منسوخ....
Jan 01, 2017