پابندیوں کی قرارداد مسترد ہونے سےاہم فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی خواہش ناکام ہو گئی، دہشتگردی بھارت کی ریاستی پالیسی، اقوام متحدہ کو مداخلت کے مزید ثبوت جلد دینگے: پاکستان

Jan 01, 2017 | 18:55

ویب ڈیسک

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان مخالف قرارداد کا مسترد ہونا اہم فورم پر بھارتی ایجنڈا مسترد ہونا ہے۔ دہشت گردی بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔ پاکستان پر الزام لگا کر نئی دہلی نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارت کی طرف سے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے قرارداد 1267 جمع کرائی گئی جس میں پاکستان پر داعش اور القاعدہ کی مدد کا الزام لگایا، جو سلامتی کونسل نے مسترد کر دی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان پر پابندیوں کے قرارداد مسترد ہونے سے اہم فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بھارتی خواہش ناکام ہو گئی۔ بھارت دہشت گردی کرانے، معاونت کرنے، وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہے۔ ترجمان نے مزید کہا پاکستان بھارت کی ریاستی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اوراس کا اعترافی بیان اس کا واضح ثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق انسداد دہشت گردی سے متعلق بھارت کا کردار مشکوک ہے۔ آنے والے دنوں میں اقوام متحدہ کوپاکستان میں بھارتی مداخلت کے مزید ثبوت دیں گے۔ بھارت ہم پر دہشت گردی کا الزام لگا کر اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی ہتھکنڈے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ پاکستان نے خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ پاکستان انسداد دہشتگردی کیلئے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔

مزیدخبریں