64ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل نیشنل بنک کے نام

Jan 01, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر) 64 ویں نیشینل ہاکی چیمپیئن شپ کا ٹائٹل نیشنل بنک نے جیت لیا۔ سکھر میں کھیلی جانے والی چیمپیئن شپ کا فائنل نیشنل بنک اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل بنک نے واپڈا ٹیم کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔ فائنل میچ کے 13 ویں منٹ میں نیشنل بنک کے ابوبکر نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی چھ منٹ بعد واپڈا کی جانب سے قاسم نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول کر دیا۔ ہاف ٹائم تک مقابلہ اسی سکور کے ساتھ برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں نیشنل بنک کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر ابوبکر نے بال کو جال کی راہ دکھا کر ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو برتری دلائی جسے ختم کرنے کے لیے واپڈا ٹیم نے سخت کوشش کی تاہم ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ میچ کا خاتمہ نیشنل بنک کی دو ایک سے برتری پر ہوا۔ اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے نیوی کے خلاف تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے رانا سہیل نے دو جبکہ ذیشان بخاری نے ایک گول سکور کیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گذشتہ چیمپیئن شپ میں بھی تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپیئن شہباز احمد سینئر سمیت ہاکی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزیدخبریں