لاہور(سپورٹس رپورٹر) 64 ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل نیشنل بنک نے جیت لیا۔ سکھر میں کھیلی چیمپئن شپ کا فائنل نیشنل بنک اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔ نیشنل بنک نے واپڈا ٹیم کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔ فائنل میچ کے 13 ویں منٹ میں نیشنل بنک کے ابوبکر نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی چھ منٹ بعد واپڈا کی جانب سے قاسم نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول کر دیا۔ ہاف ٹائم تک مقابلہ اسی سکور کے ساتھ برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں نیشنل بنک کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر ابوبکر نے بال کو جال کی راہ دکھا کر ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو برتری دلائی جسے ختم کرنے کے لیے واپڈا ٹیم نے سخت کوشش کی تاہم ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ میچ کا خاتمہ نیشنل بنک کی دو ایک سے برتری پر ہوا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے نیوی کے خلاف تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ نے انعامات تقسیم کیے۔