کینیڈا‘ امریکہ‘ برطانیہ میں شدید سردی‘ نیاگرا آبشار بھی جم گئی

واشنگٹن /اٹاوہ/لندن(صباح نیوز)امریکا کے وسطی اور شمال مشرقی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ سمندری طوفان ڈائلین برطانیہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب امریکا کی بیشتر ریاستیں ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قطب شمالی سے چلنے والی ہواﺅں کے سبب بحر اوقیانوس کی ساحلی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔واشنگٹن ، فلاڈیفلیا، نیویارک سٹی، بوسٹن اور دیگر شہروں میں طیاروں کی آمدورفت کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے ۔ مقامی حکام نے سرد موسم کے پیش نظر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔کینیڈا بھی ان دنوں شدید ترین سردی کی لپیٹ میں ہے۔ شدید برف باری کے باعث جہاں نظام زندگی بری طرح مفلوج ہوا ہے اور سڑکوں پر ٹریفک کے بے شمار حادثات رونما ہوئے ہیں وہیں کینیڈا اور امریکی سرحد پر واقع نیاگرا آبشار بھی جم گئی ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ڈائلین برطانیہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا جس کے نتیجے میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش بھی ہوگی۔محکمے موسمیات کے مطابق آئرلینڈ اور جنوبی اسکاٹ لینڈ میں 80میل فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چلنے کابھی امکان ہے جس کے بعد عوام کو محتاط رہنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن