پاکستان کو33 ارب ڈالر امداد دیکر بیوقوفی کی:ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو 15 سال میں 33 ارب ڈالر امداد دے کر بیوقوفی کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا روایتی الزام دوہراتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے 2002ءکے بعد پاکستان کو33 ارب ڈالر امداد فراہم کی لیکن وہ ہمارے رہنماﺅ ں کو بیوقوف سمجھتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیں امداد کے بدلے میں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جن کا ہم افغانستان میں تعاقب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے میں معمولی مدد ملتی ہے مگر اب ایسا نہیں چلے گا۔ واضح رہے کہ امریکی رہنماﺅں کی طرف سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات آئے روز عائد کیے جارہے ہیں۔ اس سے پہلے امریکی صدر نے قومی سلامتی کی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان پر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششوں میں تیزی لانے سے متعلق دباﺅ ڈالیں گے کیونکہ کسی بھی ملک کی شدت پسندوں اوردہشت گردوں کی حمایت کے بعد کوئی بھی شراکت باقی نہیں رہ سکتی۔

ای پیپر دی نیشن