خوشحال اورترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے:شہبازشریف

Jan 01, 2018 | 21:15

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خوشحال اورترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ،سی پیک نے پاکستان میں محفوظ غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دےئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا پراجیکٹ حقیقی معنوں میں عالمی سطح پر گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔پاکستان میں سی پیک کی وجہ سے معاشی ترقی کا انقلاب رونما ہورہا ہےجس سے ملک بھر میں لاکھوں ہنر مندو ں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔دوست ممالک سی پیک سے خوش ہیں اوردشمن کو سی پیک کانٹے کی طرح کھٹک رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ 2017ء میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کااہم کارنامہ ہے ۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاکستان کو ورثے میں ملنے والے بحرانوں سے نکال کر ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ۔پنجاب سمیت ملک بھر میں میگاپراجیکٹس عوامی خدمت کامنہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد کی سیاست کرنے والوں کا دور ختم ہوا اب صرف ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے سوچنا ہوگا۔ملک کی ترقی اورخوشحالی کے سفر میں جذبوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ چار برس میں شفافیت ،معیاراوررفتار کیساتھ مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی ملکی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ملکی تنظیموں سمیت عالمی اداروں نے بھی حکومت کی شفافیت کی پالیسی پر بار ہامہر تصدیق ثبت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پسماندہ علاقوں پر سب سے زیادہ توجہ دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان کی تاریخ میں بہترین ٹرانسپورٹ پراجیکٹ ثابت ہوگا جس سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ میٹروٹرین پراجیکٹ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان ،لاہور، راولپنڈی اوراسلام آباد کے لاکھوں شہری میٹروبس کی شاندار سروس سے مستفید ہورہے ہیں۔حکومت عوامی افادیت کے ایسے منصوبوں کو ترجیحاتی بنیادوں پر مکمل کررہی ہے ۔

مزیدخبریں