اسلام آباد (صباح نیوز)ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے برقرار رہے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے اور نیشنل ہائی وے کے مختلف سیکشن بند رہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے نئے سال کے آغاز پر اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں بارش کی نوید سنا دی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے چھائی رہی اور قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر مختلف مقامات پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر سے 50 میٹر رہ گئی، موٹر وے لاہور سے کوٹ مومن، فیصل آباد سے گوجرہ تک بند رہی، خانیوال، ملتان، لوھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کا راج رہا۔ مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی دھند چھائی رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں،دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ۔دوسری طرف بارش برسانے والا سسٹم ملک میں داخل ہو گا، (آج )منگل اور(کل ) بدھ کو مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔، جمعہ سے اتوار کے دوران بھی ان علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔ سکردو سرد ترین شہر رہا جہاں پارہ منفی 14 ڈگری تک گر گیا، استور میں منفی 10 درجے کی سردی نے آبشار سمیت ہر چیز جما دی۔ گلگت میں درجہ حرارت منفی 07، کالام، ہنزہ منفی 06، کوئٹہ، منفی 03، قلات منفی 02 رہا جبکہ اسلام آباد 2، پشاور ایک، لاہور 2، فیصل آباد 4، ملتان 4 اور کراچی میں 11 ریکارڈ کیا گیا۔