ایڈن برگ(این این آئی)پاکستانی کھلاڑیوں سید انس علی اور محمد اصحاب عرفان نے سکاٹش جونیئر اوپن سکوائش ٹورنامنٹ میں بالترتیب انڈر 13 اور انڈر 15 سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کرلئے ۔سکاٹ لینڈ میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے بوائز انڈر 13 سنگل ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی کھلاڑی سید انس علی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یوسف سرہان کو سٹریٹ سیٹس میں 11-8، 11-3 اور 11-9 سے زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستانی کھلاڑی محمد اصحاب عرفان نے بوائز انڈر 15ایونٹ کے فائنل میں کولمبین کھلاڑی جان جوز ٹورز لارا کو 8-11، 11-9، 11-9، 5-11 اور 11-7 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، پاکستان کے حارث قاسم کو بوائز انڈر 17 سنگلز فائنل میں برطانوی کھلاڑی بین سمتھ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔